سکھر (10 جولائی 2025) — سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر سکھر کے بدنام زمانہ لینڈ گریبر راؤ شاکر کے خلاف سنگین الزامات سامنے آگئے ہیں۔ قتل کیس کے اصل چالان کو عدالتی فائل سے چوری کرنے اور جعلی چالان لگا کر عدالت کو گمراہ کرنے پر راؤ شاکر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، سندھ ہائیکورٹ کے معزز جسٹس کے کے آغا نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیشن جج ایسٹ کو انکوائری افسر مقرر کیا۔ سیشن جج ایسٹ کی جانب سے کی گئی انکوائری میں ثابت ہو گیا کہ مفرور ملزم راؤ شاکر نے عدالتی عملے کی ملی بھگت سے قتل کیس کا اصل چالان چوری کیا اور بعد ازاں جعلی چالان عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔
عدالت کی جانب سے دی گئی ہدایت پر سٹی کورٹ تھانے میں لینڈ گریبر راؤ شاکر کے خلاف ایف آئی آر نمبر 132/2025 درج کر لی گئی۔ اس سنگین جعلسازی کے بعد عدالت نے فوری طور پر ملزم کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو احکامات دے دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں تاکہ مفرور ملزم کو گرفتار کیا جا سکے۔ قانونی ماہرین کے مطابق، یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے جس میں عدالتی نظام کو براہ راست متاثر کیا گیا ہے۔

