اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں قربانی، حق گوئی اور عزمِ صمیم کا درس دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2025، ملک بھر سے 2000 سے زائد طلبہ کی بھرپور شرکت
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا باطل کے خلاف ایک ابدی جدوجہد اور اصولوں پر استقامت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقامؓ کی شہادت ایک الٰہی مشن تھی جس کی بنیاد صداقت، عدل اور رضائے الٰہی پر رکھی گئی۔ کربلا دراصل ضمیر، کردار اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا، اور امام حسینؓ کا پیغام ہمیں ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کی تلقین کرتا ہے۔
صدر نے کہا کہ آج پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان کے پیش نظر ہمیں امام حسینؓ کے اس حسینی کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو امام حسینؓ کے پیغامِ حریت، عدل اور حق کا مظہر بنائیں گے۔