ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث پانی کے ذخائر میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف پچھلے 15 دنوں میں قابلِ استعمال پانی کے ذخیرے میں 35 لاکھ 60 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی قابل استعمال پانی 73 لاکھ 71 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔
شاداب خان کندھے کی سرجری کے لیے انگلینڈ پہنچ گئے ایشیا کپ میں شرکت مشکوک
حکام کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں 66 فٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی سطح 1520 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ادھر منگلا ڈیم میں 4 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ مزید پانی جمع ہوا ہے، اور اس کا مجموعی قابلِ استعمال ذخیرہ 30 لاکھ 19 ہزار ایکڑ فٹ تک جا پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم آج 1168 فٹ کی سطح پر ہے، جب کہ اس کی مکمل گنجائش 1242 فٹ ہے۔
علاوہ ازیں، چشمہ بیراج میں بھی پانی کی سطح میں 6 فٹ کا اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس وقت اس کی سطح 648 فٹ ہے، جب کہ صرف 1 فٹ مزید گنجائش باقی ہے۔ چشمہ میں اس وقت 2 لاکھ 63 ہزار ایکڑ فٹ قابلِ استعمال پانی موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں سے آنے والے یہ مثبت نتائج زرعی شعبے، بجلی کی پیداوار اور پانی کی قلت سے نبرد آزما علاقوں کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہیں۔
