اسلام آباد/لاہور/مردان (نمائندہ خصوصی) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کی ہیں، جن میں 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 28 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد مالیت کی 23.700 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئیں۔
کورنگی میں شہری کی جوابی فائرنگ سے بدنام زمانہ ڈاکو ہلاک — 17 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں:
اسلام آباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران 2 ملزمان سے 500 گرام افیون اور 8.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ان ملزمان نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، جس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دیگر شہروں میں کارروائیاں:
-
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر بذریعہ کارگو کراچی بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 100 گرام چرس برآمد کی گئی۔
-
کرنل شیر خان انٹرچینج، مردان کے قریب ایک مسافر بس میں سوار ملزم سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
-
لاہور کے بند روڈ پر واقع ایک بس اسٹینڈ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 5.1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ:
ملک کے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک رکھنے کے لیے ایسے کریک ڈاؤنز مزید سخت کیے جائیں گے اور منشیات فروش عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

