کراچی (رپورٹ: اسٹاف رپورٹر) محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو مؤثر بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ ایسٹ جمشید ڈویژن پولیس اور سندھ رینجرز نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ایس ڈی پی او جمشید نے کی، جس میں جمشید ڈویژن کے ایس ایچ اوز، افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
محرم الحرام 1447ھ: 8، 9، 10 محرم کیلئے ٹریفک پلان جاری، ایم اے جناح روڈ مکمل بند، متبادل راستے مقرر
فلیگ مارچ نمائش چورنگی سے شروع ہوا اور شہر کے حساس علاقوں سے گزرتے ہوئے واپس نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوا۔ راستوں میں تاج کامپلیکس، نشتر پارک، سولجر بازار، گرومندر، لسبیلہ، تین ہٹی، شاہ نجف، بنوری ٹاؤن، پیپلز چورنگی، جیل چورنگی، شاہراہِ ملت، بلوچ کالونی، شارع فیصل، ٹیپو سلطان اور شاہراہِ قائدین شامل تھے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق یہ فلیگ مارچ عوام میں اعتماد پیدا کرنے، سیکیورٹی انتظامات کے عملی مظاہرے اور شرپسند عناصر کو سخت پیغام دینے کے لیے کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس اور رینجرز کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں اور شہر کے امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
فلیگ مارچ کے دوران شہریوں کو روٹ کے متعلق پیشگی آگاہی دی گئی اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا بدنظمی سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ بھی مکمل کوآرڈینیشن رکھا گیا۔

