کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت پیر کے روز سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہاؤسنگ سیل کے دو علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں بلدیاتی مسائل اور غریب افراد کے لیے گھروں کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 روپے تک اضافے کا خدشہ منظوری وزیرِ اعظم دیں گے
پہلا اجلاس سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن کا تھا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری وسیم شمشاد، اسپیشل سیکرٹری بخش علی مہر، کمیشن کے ارکان عبدالرحیم سومرو، وسیم ارسانی، سیکرٹری قانون علی احمد بلوچ، اور ڈی جی ذوالفقار علی نظامانی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کی جانب سے شکایت پیش کی گئی کہ ان کے ممبران بلڈرز کو کے ایم سی اور جناح ٹاؤن دونوں جانب سے ڈمپنگ میٹیریل کے چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس پر سعید غنی نے میونسپل کمشنر کے ایم سی افضال زیدی کو ہدایت دی کہ وہ قانون کے مطابق ٹاؤن چیئرمین کے ساتھ مل کر معاملہ حل کریں، اور اگر کوئی ابہام ہو تو ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ساتھ مشاورت کرکے معاملے کو نمٹایا جائے۔
دوسرے اہم معاملے میں، پنو عاقل کی یونین کونسل 16 بائی جی شریف کے چیئرمین کے خلاف وائس چیئرمین نے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شکایت کی۔ کمیشن نے فریقین کا موقف سننے کے بعد چیئرمین کو ملازمین کی فوری ادائیگی کا پابند کیا اور قانونی مسائل کو کمیشن ممبران کے ساتھ بیٹھ کر حل کرنے کی ہدایت دی۔
نوابشاہ میں ایچ ایم خوجہ ٹاؤن اور اولڈ نوابشاہ ٹاؤن کی تقسیم سے متعلق وسائل اور زی ٹی شیئرز کے مسئلے پر، دونوں چیئرمینز کو تفصیلی رپورٹ تیار کرکے چیئرمین تقسیم کمیٹی کے سامنے جمع کرانے کی ہدایت دی گئی تاکہ ان کے تحفظات کا حل نکالا جا سکے۔
دوسرا اجلاس محترمہ بینظیر بھٹو ہاؤسنگ سیل کے حوالے سے منعقد ہوا جس میں انیس قادر منگی نے بتایا کہ سندھ کے 30 اضلاع میں 6000 سنگل یونٹ گھر تعمیر کیے جائیں گے، جن میں دو کمرے، باتھ روم، باورچی خانہ اور کوریڈور شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اب اسٹیڈنگ کمیٹی کی منظوری کے بعد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
وزیر بلدیات نے اس بات پر زور دیا کہ صرف ایسے مستحق افراد کو گھر دیے جائیں جنہیں ماضی میں کوئی پلاٹ یا گھر نہ ملا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ سندھ میں ہر بے گھر شخص کو چھت فراہم کی جائے، اور یہ منصوبہ اسی وژن کا حصہ ہے۔
