صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈکلیئر کر دیا ہے، اور ان کے علاوہ دیگر 2 ججز کے تبادلے کو بھی مستقل قرار دے دیا ہے۔ اس اہم پیشرفت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلے اور سنیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر مملکت کے سامنے بھیجا تھا، جس کے بعد صدر نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو سینئر ترین جج قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی جسٹس خادم حسین سومرو 9 ویں نمبر پر اور جسٹس آصف 11 ویں نمبر پر ہوں گے۔
ججز کے تبادلے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے 19 جون کو اپنے فیصلے میں 3 ججز کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلے کو آئینی اور قانونی قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اس فیصلے میں کہا تھا کہ ججز کا تبادلہ غیر آئینی نہیں ہے، اور صدر پاکستان کو ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلے کا اختیار حاصل ہے۔
اس فیصلے میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس صلاح الدین پنہور نے اکثریتی فیصلے میں کہا کہ صدر پاکستان کو آرٹیکل 200 کے تحت ہائیکورٹ کے ججز کو ایک عدالت سے دوسری عدالت میں منتقل کرنے کا اختیار حاصل ہے، اور یہ اختیار ججوں کی تقرری کے اختیار سے علیحدہ ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
