کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سندھ بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں محرم الحرام 1447ھ کے دوران سیکیورٹی انتظامات سے متعلق کراچی رینج کے پولیس افسران سے اہم خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں پولیس چیف نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس، امام بارگاہوں، مساجد اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی کے مؤثر، مربوط اور عملی اقدامات کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی، واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور سی سی ٹی وی کیمروں کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ اسکاؤٹس اور رضاکاروں کی بروقت رجسٹریشن کی جائے جبکہ حساس مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے۔ تمام جلوسوں کے روٹس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے پیشگی سویپنگ کرائی جائے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ برقرار رکھا جائے۔
پولیس چیف نے انٹیلیجنس نیٹ ورک کو فعال کرنے، سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی، مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں، جلوسوں و مجالس کی نگرانی کریں اور علما کرام، ماتمی انجمنوں اور مقامی کمیونٹیز سے قریبی روابط قائم رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ذاکرین اور علمائے کرام کی حفاظت کے لیے بھی ہر ممکن اقدام کیا جائے جبکہ ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ متبادل راستوں کی بروقت نشاندہی کرے، پارکنگ کے مؤثر انتظامات کرے اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائے۔
تقریب کے اختتام پر محرم الحرام اور جرائم کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔
