اسلام آباد (27 جون) — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کرانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قائدانہ صلاحیتوں اور امن کے لیے ان کی سنجیدہ کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کے بعد ایران اسرائیل جنگ بندی میں امریکی صدر کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے ہر اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے اور ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کا خواہاں رہا ہے، بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حوالے سے۔
علاقائی امور پر گفتگو کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر امریکی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کا ایک اہم اور قریبی دوست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کار کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
