کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر کراچی کے علاقے ملیر قائدآباد میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلق رکھنے والے چار خطرناک ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے سی آئی اے سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزمان بھارتی کرنل رنجیت کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور پاکستان کی حساس تنصیبات کی تصاویر و معلومات فراہم کر رہے تھے۔
قائدآباد میں منشیات فروشوں اور عادی افراد کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن
ایس ایس پی شعیب میمن کے مطابق ملزمان کراچی میں ملک دشمن سرگرمیوں اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چار دستی بم، پسٹلز، ایک مشکوک گاڑی اور دیگر تخریبی مواد برآمد ہوا۔
شعیب میمن نے بتایا کہ ملزمان نہ صرف را کے کرنل رنجیت سے براہ راست ہدایات لیتے تھے بلکہ اہم تنصیبات کی تصاویر اور سیکیورٹی معلومات بھی بھارتی ایجنسی تک پہنچاتے تھے جس سے ملکی سلامتی کو شدید خطرات لاحق تھے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ یہ کارروائی دشمن کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کی بڑی پیش رفت ہے اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔
