کراچی (اسٹاف رپورٹر) — تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے ڈکیتی کی بڑی واردات کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا۔ پولیس کے مطابق شہری ذوالفقار علی ولد خوشی محمد کے گھر میں 3 ملزمان گھسے، جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور دو کے پاس اسلحہ موجود تھا۔ ملزمان اسلحے کے زور پر کیش اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
تھانہ زمان ٹاؤن پولیس کی کارروائی، دو منشیات فروش گرفتار، 240 گرام چرس برآمد
متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 251/25 بجرم دفعات 392/397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔ پولیس نے بروقت تفتیش شروع کی اور واردات کی CCTV فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔
24 گھنٹوں کے اندر ہی پولیس نے مرکزی ملزم گل شیر اور اس کے دو ساتھی عمیر اور حفیظ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے 2 موٹر سائیکلیں، 2 پسٹل، اور لوٹی گئی نقد رقم برآمد کر لی گئی۔
اسلحہ برآمدگی پر ملزمان کے خلاف علیحدہ مقدمات الزام نمبر 252/25 اور 253/25 بجرم دفعہ 23(1)A سندھ آرمز ایکٹ درج کیے گئے ہیں۔
تھانہ سپر مارکیٹ پولیس کی بروقت کارروائی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس گروہ کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
