کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے وہ اقدامات کیے جو کسی اور جماعت نے نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کے دور میں کراچی پریس کلب کے صحافیوں کو رہائشی پلاٹس دیے گئے اور پیپلز پارٹی کی ہر حکومت نے اس روایت کو برقرار رکھا۔
محرم الحرام: سندھ رینجرز کا اعلیٰ سطح سیکیورٹی اجلاس، فول پروف انتظامات کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ جلد باقی مانندہ 700 صحافیوں کو بھی پلاٹس فراہم کر دیے جائیں گے جبکہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) میں صحافیوں کی کالونیوں میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے منگل کے روز سندھ اسمبلی میں اپنے دفتر میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری سہیل افضل خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں صحافیوں کے پلاٹس کی موٹیشن، ادائیگی کے فارمولے اور ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو آزادی صحافت، صحافیوں کے رہائشی و مالی مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے بجٹ میں کراچی پریس کلب سمیت دیگر اضلاع کے پریس کلبوں اور صحافیوں کی تنظیموں کے لیے خصوصی گرانٹس رکھی گئی ہیں۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری نے وزیر بلدیات کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
