کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمریز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
صدر ٹرمپ کا اعلان: ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع، خلاف ورزی سے گریز کی اپیل
اجلاس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، سی آئی اے، اسپیشل برانچ، ٹریفک، ویسٹ، ساؤتھ، ایسٹ، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر تفصیلی غور کیا گیا اور لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ طے پایا کہ رینجرز اور پولیس مشترکہ فلیگ مارچ، اسنیپ چیکنگ اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید مؤثر بنائیں گے۔
ڈی جی رینجرز نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے اور منظور شدہ ضابطہ عمل پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ امن و امان قائم رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔
