کراچی: کراچی پولیس کی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری رہیں، جن میں اہم نتائج حاصل کیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق شہر میں پولیس اور ملزمان کے درمیان 12 مقابلے ہوئے جن کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور 15 زخمی ڈاکوؤں سمیت 16 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ڈیفنس پولیس کی کارروائی: اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
پولیس نے مجموعی طور پر 875 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث افراد شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 113 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا، جبکہ 29 موٹرسائیکلیں اور 2 بڑی گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔
پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 44 کلو 987 گرام چرس، آئس/کرسٹل اور ہیروئن برآمد کی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں کے تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم کے خلاف یہ مہم مزید تیز کی جائے گی تاکہ کراچی کو ایک محفوظ شہر بنایا جا سکے۔