یووینٹس نے کلب ورلڈ کپ کے گروپ جی میں اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے اتوار کو وائڈڈ کاسابلانکا کو 1-4 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔ ترک فارورڈ کینن یلڈز اس فتح کے ہیرو رہے جنہوں نے دو گول اسکور کیے اور ایک میں معاونت کی۔
ایلکے گنڈوگن کے دو گول مانچسٹر سٹی کی العین پر شاندار فتح ناک آؤٹ مرحلے کی راہ ہموار
میچ کے آغاز میں یلڈز کا شاٹ بدقسمتی سے عبد المنائم بوتوئل کے خود گول میں تبدیل ہوگیا جس سے یووینٹس کو برتری ملی۔ جلد ہی یلڈز نے ایک زبردست اسٹرائیک کے ذریعے باکس کے باہر سے شاندار گول کر کے اس برتری کو دگنا کر دیا۔
وقفے سے قبل تھیمبینکوسی لورچ نے وائڈڈ کے لیے ایک گول کر کے امید پیدا کی، لیکن دوسرے ہاف میں یلڈز نے ایک اور گول کے ساتھ میچ پر یووینٹس کی گرفت مضبوط کی۔ اختتام سے قبل دوسان ولہووچ نے پنالٹی پر گول کر کے اس فتح پر مہر ثبت کی۔
یووینٹس نے گروپ کے اپنے پہلے میچ میں العین کو 0-5 سے شکست دی تھی اور اب دو میچوں میں نو گول کر چکا ہے، جبکہ چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ گروپ مرحلے کا فیصلہ جمعرات کو اورلینڈو میں مانچسٹر سٹی کے خلاف میچ میں ہوگا۔
یووینٹس کے کوچ ایگور ٹیوڈر نے یلڈز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا، ’’اس میں مہارت کے ساتھ ذہانت کی خصوصیت بھی ہے، یہی اس کی کامیابی کی کلید ہے۔‘‘
