کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے ایران پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے امریکا کے اپنے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ مفتی تقی عثمانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کا ایران پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایک جانب امن کا پرچار کرتا ہے اور دوسری جانب دوسرے ملکوں کو جہنم بنانے کی دھمکیاں دیتا ہے، ایسے شخص کو امن کا انعام کیسے دیا جا سکتا ہے؟
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت بحران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی مداخلت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس حوالے سے سفارش کا خط نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دستخط سے ناروے کی نوبیل کمیٹی کو روانہ کیا جا چکا ہے۔
