کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11-I ذیشان پارک کے قریب ایک رہائشی مکان میں قائم گٹکا ماوا فیکٹری پر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کراچی ٹریفک پولیس کی کارروائیاں، 10 جون سے اب تک 9442 گاڑیاں و موٹر سائیکلیں ضبط
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق گرفتار ملزمان میں عمیر پٹھان ولد اختر، حمزہ ولد محمود اور محمد عاطف ولد صلاح الدین شامل ہیں۔ فیکٹری سے بھاری مقدار میں گٹکا ماوا اور تیاری کا سامان برآمد کیا گیا، جن میں 3 ڈرم گیلی چھالیاں (فی ڈرم 37 کلو، مجموعی وزن 111 کلو)، 2 کلو پتی، 2 کلو پیکٹ گٹکا ماوا، 100 پیکٹ تیار گٹکا ماوا اور تیاری میں استعمال ہونے والے 3 خالی ٹب شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم عمیر پٹھان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے، جو اس سے قبل چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کی IMEI تبدیل کرنے کے جرم میں گرفتار ہو چکا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ گٹکا ماوا فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن افسران بالا کی ہدایت پر جاری ہے اور کارخانے پر چھاپہ مار کارروائیاں بلا امتیاز کی جا رہی ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 409/2025 بجرم دفعہ 3/4/6/8(i) گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


