واشنگٹن ڈی سی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی کشیدگی کم کرنے اور تعاون پر مبنی سیکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں ذمہ دارانہ اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے سینئر اسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور عالمی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم پر زور دیا اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ سمیت دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے اور اس نے اس جنگ میں بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے بعض علاقائی عناصر کی جانب سے دہشت گردی کو ہائبرڈ وارفیئر کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک امریکا دیرینہ تعلقات، مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع شراکت داری پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی اہمیت اجاگر کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قدرتی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں عالمی شراکت داروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی، تاکہ مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ شرکاء نے پاکستان کی شفاف سفارتکاری، عالمی روابط اور اصولوں پر مبنی پالیسیوں کو سراہا اور ملاقات کو مثبت اور تعمیری اقدام قرار دیا۔

