پاکستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر اور نیٹ ورک سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے تعاون سے غیر قانونی آئی ایم ای آئی ٹیمپرنگ اور غیر مجاز سم اجراء میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
قائم مقام گورنر سندھ سے متعلق صورتحال پر وضاحتی بیان، انکوائری کا حکم جاری
دو مختلف کارروائیوں میں پی ٹی اے زونل آفس کراچی اور NCCIA حیدرآباد نے لطیف آباد یونٹ نمبر 8، چراغ کمپلیکس میں واقع ایک موبائل مرمت کی دکان پر کامیاب چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور آئی ایم ای آئی کلوننگ میں استعمال ہونے والا خصوصی سافٹ ویئر قبضے میں لے لیا گیا، جب کہ دو افراد کو گرفتار کر کے قانونی چارہ جوئی کے لیے NCCIA کی تحویل میں دے دیا گیا۔
دوسری جانب، پی ٹی اے کراچی کی شکایت پر NCCIA نے گلزارِ ہجری اسکیم 33 میں واقع کرن/میمن اسپتال کے قریب زونگ فرنچائز پر غیر قانونی سم اجراء پر چھاپہ مارا۔ اس دوران مشتبہ ڈیوائسز ضبط کر لی گئیں اور فرنچائز منیجر سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ اقدامات پی ٹی اے کی جانب سے ڈیجیٹل سیکیورٹی، ٹیلی کام نیٹ ورکس کی حفاظت اور قوانین کے نفاذ پر پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
