اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آج نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدرِ مملکت کو ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جب کہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ بعدازاں پرنسپل اسٹاف آفیسرز نے صدر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نیول چیف نے صدرِ مملکت کو علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، معرکۂ حق میں حکمتِ عملی اور ناقابلِ تسخیر دفاع پر تفصیلی بریفنگ دی۔
صدر زرداری نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور مادرِ وطن کی سمندری سرحدوں کے مؤثر دفاع پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو ہر چیلنج کے مقابلے میں ثابت قدم اور ہمہ وقت تیار ہیں۔ صدر نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں بحریہ کے بروقت اور مؤثر ردعمل کو سراہا۔
انہوں نے میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے حکومتی سطح پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز کے دورے پر صدرِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بحریہ، اللہ کے فضل سے، ہر حال میں ملک کی سمندری حدود اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔

