کراچی: صدر پاکستان سنی تحریک، صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفار امت مسلمہ کو کمزور کرنے کے لیے سازشیں کر رہے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم دنیا جاگ جائے۔
کیماڑی پولیس کا دائود گوٹھ میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کو بہانہ بنا کر حملہ کیا، مگر ایران کے موثر جوابی حملوں نے اسرائیل کو حواس باختہ کر دیا ہے۔ ایران کی مزاحمت سے اسرائیل اس قدر پریشان ہوا ہے کہ اس نے اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جو دراصل امت مسلمہ کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
بلال عباس قادری نے مزید کہا کہ ایران کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل چیخ رہا ہے "مجھے بچاؤ!”، جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے ایران کو "بھاری قیمت” چکانے کی دھمکی محض خالی دعویٰ ہے۔ وقت ہی بتائے گا کہ اصل قیمت کس نے ادا کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران شہادت کے جذبے سے لبریز ہو کر اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گا۔ امریکہ اور اس کے حواری کھل کر سامنے آ چکے ہیں، اب تمام مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مغرب مسلم اتحاد سے خائف ہے۔
بلال عباس قادری نے اسے کفار کی ایک نئی سازش قرار دیا تاکہ مسلم دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے سے روکا جا سکے۔
