کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے پلاسٹک کی تھیلیوں پر عائد پابندی کے نفاذ کے سلسلے میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے 9 ٹن پلاسٹک کی تھیلیاں ضبط کر لیں۔
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے لیے پابندی کے اوقات کار میں 16 اگست تک توسیع
سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے مطابق مختلف مارکیٹوں میں چھاپے مار کر پلاسٹک تھیلیاں ضبط کی گئیں اور دکانداروں کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔
میئر کراچی کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیمیں سندھ حکومت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے میں مصروف عمل ہیں۔
سینئر افسر عمار خان کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عمار خان نے مزید بتایا کہ ضبط شدہ تھیلیوں کو ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں کے تحت ضائع کرنے کے لیے محکمہ ماحولیات سے تجاویز لی جا رہی ہیں تاکہ ان کے خاتمے سے ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔
