کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث تین خطرناک ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن تعلیمی ادارے بھی نشانے پر
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت راشد، شہزار اور آفتاب کے ناموں سے ہوئی ہے، جو ایک منظم ڈکیت گروہ کے اہم کارندے بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان شاہ لطیف سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے اسلحے کے زور پر موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکلیں چھیننے میں ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول بمعہ ایمونیشن، دو چھینی گئی موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ موٹرسائیکلیں تھانہ شاہ لطیف اور شاہ فیصل کے علاقوں سے وارداتوں کے دوران چھینی گئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

