کراچی، 16 جون 2025: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی درخواست پر حب کینال میں نہانے، تیراکی اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
پنجاب کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ، کوئی نیا ٹیکس نہیں
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ حب کینال میں ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور واٹر سپلائی کے انفراسٹرکچر کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دفعہ 144 کے تحت 17 جون سے 16 جولائی 2025 تک پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حب کینال میں نہانا، تیراکی کرنا، یا کسی قسم کا عوامی اجتماع منعقد کرنا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق حب کینال کے اطراف میں غیر مجاز سرگرمیاں نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ پانی کی فراہمی کے نظام اور انفراسٹرکچر کی سیکیورٹی کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ تمام متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری مقدمات درج کریں اور سخت کارروائی عمل میں لائیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
