کراچی: کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے ایک حساس ادارے کی جانب سے موصولہ خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے صدر کے معروف تجارتی مرکز اسٹار سٹی موبائل مارکیٹ میں قائم دکان نما گودام پر کامیاب چھاپہ مارا۔ کارروائی ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ سید محمد رضا نقوی کے احکامات پر اسسٹنٹ کلکٹر محترمہ بسمہ جتوئی کی سربراہی میں اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (ASO) کے عملے نے انجام دی۔
کوہلو میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا احسن اقدام، فری بلڈ بینک کا قیام
چھاپے کے دوران ASO ٹیم نے تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کی غیرقانونی اشیاء، جن میں ایپل کے آئی فونز، میک بُک، واچز، پینسلز، سیمسنگ ٹیبلیٹس اور ائیر پوڈز شامل تھے، قبضے میں لے کر ضبط کر لیں۔
ضبط شدہ سامان میں بھارتی ساختہ (Indian origin) اشیاء بھی شامل تھیں، جن پر حکومت پاکستان نے امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس پہلو سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اشیاء غیر قانونی طور پر اسمگل کر کے پاکستان لائی گئی تھیں۔
تمام ضبط شدہ اشیاء کو قانونی کارروائی کے لیے ASO کے گودام منتقل کر دیا گیا ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ممنوعہ بھارتی اشیاء ملک میں کس راستے سے داخل ہوئیں، اور اس اسمگلنگ نیٹ ورک میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فروری 2025 میں اسی مارکیٹ پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں انڈین اوریجن موبائل فونز، ٹیبلیٹس، آئی پیڈز، گٹکا اور دیگر ممنوعہ اشیاء ضبط کی گئی تھیں۔

