کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے سیکریٹری اطلاعات اور یوسی 8 کے چیئرمین احمد رضا نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نعرے لگا کر عوام کو گمراہ کرنے والے آج عوام کی نظروں سے بھی اوجھل ہوچکے ہیں، مگر پاکستان پیپلز پارٹی بلا تفریق عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے۔
ضلع ساؤتھ پولیس کی مؤثر کارروائیاں، ڈکیتی، چوری اور گٹکا فروشی میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز کورنگی کی یوسی 9 میں واقع پاک ٹاؤن سیکٹر 49 کے دورے کے موقع پر کہی۔ احمد رضا نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی ہدایت پر کورنگی ٹاؤن میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، چاہے علاقے سے پیپلز پارٹی جیتی ہو یا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاک ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کا نمائندہ منتخب نہیں ہوا، اس کے باوجود یہاں سیوریج سمیت بنیادی مسائل کا مستقل حل نکالا جا رہا ہے۔ بارشوں میں نالے کے پانی کا گھروں میں داخل ہونا اب ماضی کی بات ہو چکی ہے۔
احمد رضا نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیے، وہ آج کہیں نظر نہیں آتے، جبکہ پیپلز پارٹی کے نمائندے عوام کے درمیان موجود ہیں اور عملی طور پر خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو صرف دعوے نہیں، بلکہ عملی کام کرتی ہے، اور عوام کے مسائل کا واحد حل رکھتی ہے۔
