کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 5L میں دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان محمد ناصر کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد دو خطرناک ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جو ناصر کے قتل میں براہِ راست ملوث تھے۔
کراچی ضلع ساؤتھ میں فحاشی اور منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں 15 ملزمان گرفتار 7 خواتین شامل
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالمنان عرف منو اور امتیاز عرف ڈاڈا کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ ماضی میں بھی اسٹریٹ کرائم، اقدام قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔
ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، چھینی گئی موٹر سائیکل، اور مقتول ناصر کا موبائل فون (Redmi 13C) برآمد کر لیا گیا۔ مقتول ناصر تین بچوں کا باپ تھا اور بلال کالونی میں مکینک کی دکان چلاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ناصر کو 9 جون 2025 کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جب اس نے ملزمان کا تعاقب کر کے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ مقتول کو پانچ سے زائد گولیاں لگیں اور وہ اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ملزمان کی گرفتاری سے قبل وہ علاقے میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہے، جن میں دکانوں، میڈیکل اسٹورز اور پین کیبنز پر چھینا جھپٹی شامل ہے۔ گرفتار ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور مدعی کی شناخت کے بعد باضابطہ طور پر مقدمے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

