کراچی (رپورٹ:) — پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں کے ساتھ تعصب اور ظلم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے شدت پسندانہ ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں، اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارتی سازشیں کارفرما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا خاتمہ ملک کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے پوری قوم متحد ہے اور آئینی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت اگر کسی بھی جنگی جنون کا مظاہرہ کرتا ہے تو پاکستان بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ پاکستانی قوم اپنے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ رکھتی ہے۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، حکومت بجٹ میں صرف دعوے نہ کرے بلکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف دے۔ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں مزدوروں کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔
مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجٹ عوام دوست ہوگا، الفاظوں کا گورکھ دھندہ نہیں۔ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو عوام احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ حکومت آئینی طور پر عوام کو سہولیات فراہم کرے اور سنجیدگی سے معاشی استحکام کی طرف قدم بڑھائے۔
