ایسٹ زون کے تھانہ نیو ٹاؤن کی گشت پر مامور پولیس ٹیم نے اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
کراچی قربانی کے جانور لوٹنے والے جعلی پولیس گروہ کے تین ڈاکو گرفتار50 لاکھ سے زائد مالیت کے جانور برآمد
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فاروق ولد ولی محمد کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن اور شہری سے چھینی گئی رقم برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل (نمبر KLT-4871)، جو تھانہ شارع فیصل کی حدود سے چھینی گئی تھی، بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
واردات کا مقدمہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں الگ سے مقدمہ بھی درج کر کے تفتیشی حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

