کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل کی بلال کالونی پولیس کے ہاتھوں پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق خطرناک اور منظم جرائم پیشہ گروہ "ساجد چڈا گینگ” سے نکلا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق یہ گینگ گھروں میں لوٹ مار، شہریوں پر فائرنگ، اور قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا اعلان
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ بلال کالونی میں ایک واردات کے دوران شہریوں پر فائرنگ میں ملوث رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں جنجال گوٹھ (سائیٹ سپر ہائی وے) کے قریب ڈکیتی کے دوران ایک شہری کو قتل کرنے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ مقتول اپنی بہن کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، جب ملزمان محسن پھٹان اور سلمان نے گن پوائنٹ پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر اسے قتل کر دیا۔
ایس ایس پی کے مطابق، محسن واردات کے دوران اپنے ہی ساتھی کی گولی سے زخمی ہوا اور خود کو بے گناہ ظاہر کر کے اسپتال سے فرار ہو گیا۔ محسن ماضی میں بھی پولیس مقابلوں میں ملوث رہا ہے۔
یہ گینگ ڈکیتیوں کے لیے سفید کرولا، ہائی روف، رکشہ اور موٹر سائیکل استعمال کرتا تھا، اور 8 سے 10 افراد پر مشتمل تھا۔ 2021 میں شاہراہ نور جہاں اور ملیر ماڈل کالونی میں پولیس پر حملے اور گھروں میں لوٹ مار کے واقعات میں بھی یہی گروہ ملوث رہا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق، ایک واردات میں پولیس اہلکار شہید اور ایک ملزم مقابلے میں ہلاک ہوا تھا۔ مرکزی ملزم راغب اور اس کا بیٹا شاہ رخ سفید کرولا میں واردات کے لیے آئے تھے۔ ملزمان گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، اور دیگر علاقوں میں گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ملزم واجد کے خلاف درج مقدمات کی فہرست:
FIR 339/2011 – دفعہ 13D، تھانہ مبینہ ٹاؤن
FIR 395/2011 – دفعہ 13D، تھانہ عزیز بھٹی
FIR 284/2014 – دفعات 380/454/309/34، تھانہ گلشن اقبال
FIR 1359/2021 – دفعہ 23A، تھانہ گلستان جوہر
FIR 1249/2021 – دفعہ 381A، تھانہ گلستان جوہر
FIR 134/2024 – دفعہ 23A، تھانہ گلشن اقبال
FIR 117/2024 – دفعات 397/34 R/W 395
FIR 886/2023 – دفعات 397/34 R/W 395

