اسلام آباد، 1 جون 2025: پاک بحریہ نے پاکستان کی تمام بڑی بندرگاہوں پر دو روزہ کامیاب مشقوں کا انعقاد کیا جن کا مقصد غیر روایتی خطرات کے تناظر میں بحری تنصیبات اور اہم انفراسٹرکچر کے دفاع کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
ان مشقوں میں پاک میرینز، اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی این)، فضائی و بحری اثاثہ جات سمیت پاک بحریہ کی مختلف یونٹس نے مربوط انداز میں شرکت کی۔ مشقوں میں خطرات کی صورت میں فورسز کے درمیان باہمی رابطے، فوری ردعمل اور جنگی حکمت عملیوں کی جانچ اور بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی۔
کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین نے بندرگاہوں کا دورہ کیا اور مشق کے مختلف مراحل کا خود مشاہدہ کیا۔ انہوں نے شریک یونٹس کی پیشہ ورانہ تیاری اور مربوط کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہوں کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ اقتصادی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ تمام تر خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اپنی حربی صلاحیتوں میں مسلسل جدت اور بہتری لا رہی ہے تاکہ سمندری سرحدوں اور بحری اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

