اسلام آباد: پاکستان سے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کا فضائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق 33 روزہ حج آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 342 پروازوں کے ذریعے 1 لاکھ 10 ہزار 335 پاکستانی عازمین کو مقدس سرزمین پہنچایا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کے مشن پر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے
سرکاری حج اسکیم کے تحت 88,260 افراد جبکہ نجی اسکیم کے ذریعے 22,075 افراد سعودی عرب پہنچے۔ 29 اپریل سے شروع ہونے والا حج آپریشن مرحلہ وار مکمل ہوا، ابتدائی پندرہ دن مدینہ منورہ کی روانگی کے لیے مختص کیے گئے تھے، جبکہ اس کے بعد براہ راست مکہ مکرمہ روانگیاں جاری رہیں۔
آپریشن کے اختتام پر آخری دن چار پروازوں کے ذریعے مزید 1,305 عازمین کو روانہ کیا گیا۔ رواں سال نجی اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 25,698 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔
سعودی عرب میں حج انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، منیٰ اور عرفات میں خیموں کی تنصیب اور دیگر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پاکستانی عازمین کی خدمت کے لیے 470 حج ناظمین مقرر کیے گئے ہیں، ہر ناظم اوسطاً 188 عازمین کی رہنمائی اور معاونت پر مامور ہے۔
پی آئی اے سمیت نجی اور سعودی ایئرلائنز نے حج آپریشن کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کیا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال انتظامات کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بہتر کوآرڈینیشن کا استعمال کیا گیا تاکہ عازمین کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
