شہر میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم کے الیکٹرک کے بار بار بریک ڈاؤن کی وجہ سے واٹر کارپوریشن کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ دو راتوں سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی مسلسل بندش ہوئی ہے، جس کے باعث پانی کی ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔
کراچی واٹر کارپوریشن میں سی ای او سمیت اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کے خلاف درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا
27 مئی کی رات 1:50 بجے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا جو صبح 7:20 بجے بحال ہوئی، اسی طرح 28 مئی کو بھی رات 2:45 بجے بجلی بند ہوئی جو صبح 7:50 پر بحال ہوئی۔ ان دونوں دنوں میں کے تھری اور فورتھ فیز کی بجلی مکمل بند رہی، جس کی وجہ سے ہر دن شہر کو تقریباً 45 ملین گیلن پانی کی فراہمی معطل رہی۔
ترجمان نے بتایا کہ دو دنوں میں مجموعی طور پر 90 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کی وجہ سے این ای کے پمپنگ اسٹیشن کی پانی کی سطح کم ہو گئی۔ سخی حسن پمپنگ اسٹیشن اور ہائیڈرنٹ پر پانی کی سپلائی بھی معطل رہی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے کام جاری ہے، اور کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بریک ڈاؤن پر فوری قابو پانے کی ضرورت ہے تاکہ شہر میں پانی کی ترسیل میں رکاوٹ نہ آئے۔
