کراچی: ایس ایس پی کورنگی محمد طارق نواز نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ دو ماہ قبل کورنگی نمبر 2 میں پولٹری ٹریڈر کے مالک سے 25 لاکھ روپے لوٹنے اور مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی میں ڈمپر نے وہیل چیئر پر سوار معذور شخص کو کچل دیا، موقع پر جاں بحق، ڈرائیور گرفتار
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق، کورنگی پولیس نے نہ صرف اس سنگین واردات میں ملوث گروہ کو بے نقاب کیا بلکہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے اہم ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔
مزید برآں، زمان ٹاؤن پولیس نے ایک اور اہم پیش رفت میں ثاقب نامی شہری کے قتل میں ملوث دو کم عمر ڈاکو بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے، جو حالیہ دنوں میں شہر میں وارداتوں میں ملوث تھے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ان کامیاب کارروائیوں پر اعلیٰ افسران نے ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال اور ایس ایچ او زمان ٹاؤن غلام نبی آفریدی کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، اور ان سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے تاکہ دیگر ممکنہ وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
