نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت سیکیورٹی حکام کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال پر غور کرتے ہوئے فوج کو مکمل اختیار دے دیا گیا ہے کہ وہ ردعمل کا وقت، مقام اور طریقہ خود طے کرے۔
کاٹی کے زیر اہتمام صنعتی زون میں ٹریفک قوانین پر سیمینار، ہیلمٹ اور لائسنس کے لازمی استعمال پر زور
اجلاس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول، اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق مودی حکومت نے واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے اور آئندہ چند روز میں مودی کابینہ کے سکیورٹی، معاشی اور سیاسی کمیٹیوں کے اجلاس بھی طلب کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بھارتی فوج میں اہم کمان تبدیلی کی گئی ہے۔ شمالی کمانڈ کے لیفٹننٹ جنرل سکھیندرا کمار کو ہٹا کر ان کی جگہ لیفٹننٹ جنرل پراتک شرما کو نیا کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔
شمالی کمانڈ، جو ادھم پور میں واقع ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کے حساس علاقوں میں آپریشنز کی قیادت کرتی ہے، اور پاکستان و چین کے خلاف فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرتی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
