لاہور ( تشکُّر نیور ۔ 07 جنوری 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی ضیا تو کوئی فیض کی وجہ سے مسلط ہوا لیکن مجھے پٹوایوں یا کسی اور کی ضرورت نہیں، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں، ہم پوچھتے ہیں وہ کیوں آئے تھے، لاہور کسی کھلاڑی اور بزنس مین کا شہر نہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شہر ہے اور میں اپنے شہر سے الیکشن لڑرہا ہوں، آپ نے گھر گھرپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ضیاء الحق اور حمید گل کی وجہ سے یہاں پر مسلط ہوئے تو کبھی فیض کی وجہ سے اس شہر پرمسلط ہوئے لیکن ہم کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں
انہوں نے کہا کہ ہمارےعوامی منشور میں 10 نکات ہیں اور میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کرکے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کریں گے، ہم عوام کی تنخواہیں اور آمدنی کو ڈبل کریں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے اور مفت تعلیم دیں گے، سندھ کے شہروں کی طرح ملک بھرمیں مفت صحت کا علاج دیں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا ہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی الیکشن لڑ رہی ہے کہ ان کے قائد جیل سے بچ جائیں، ان دونوں جماعتوں کا ایجنڈا ذاتی ہے میرا عوامی ایجنڈا ہے، ہمارا فوکس لیول پلیئنگ فیلڈ کی بجائے منشور پر ہے،غیرسیاسی لوگوں نے ہم پرسیاسی جماعتیں مسلط کیں، لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں تاکہ بتاسکیں لاہور ہمارا ہے، ہم کافی دنوں سے لاہور میں گھوم رہے ہیں۔
