کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے دورہ کراچی کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیتی سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات ایک خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ خاص طور پر پنجاب کے عوام کے لیے ویزہ کے اجرا اور دیگر قونصلر دستاویزات کی فراہمی کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
عترت انسٹیٹیوٹ آف بریلینٹ مائنڈس کا نیا تعلیمی سال آغاز پذیر، تعلیم برائے خدمت کا عزم
ملاقات کے بعد یو اے ای کے قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کے اعزاز میں ایک پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ظہرانے میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں روابط کو وسعت دی جائے گی۔
بعدازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کراچی میں قائم متحدہ عرب امارات کے ویزہ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ ویزہ سینٹر کے عملے نے انہیں فراہم کی جانے والی خدمات، ویزہ پراسیسنگ کی رفتار اور عوامی سہولتوں سے متعلق بریفنگ دی۔ گورنر نے سینٹر میں دی جانے والی سہولتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پنجاب کے عوام کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہیں، جو روزگار اور ترقی کی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور قونصلیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نہ صرف پاکستانی عوام، خصوصاً پنجابی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں میں بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ گورنر سلیم حیدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔

