وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے 9 اپریل سے 26 اپریل 2025ء تک کی کارکردگی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کر دی۔

قائدآباد پولیس کی دو کامیاب کارروائیاں — منشیات فروش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے دو ملزمان گرفتار

رپورٹ کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 24,771 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1,903 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا۔

اسی دوران، ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 406 ہیوی اور لائٹ گاڑیاں بھی ضبط کیں۔ 25 بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر ان کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی، جب کہ 380 گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی طور پر منسوخ کرنے کی سفارش بھی رپورٹ میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ قانون شکنی پر کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے اور ہر صورت ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور اپنی جان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال حادثات سے بچاؤ کا موثر ذریعہ ہے اور فینسی نمبر پلیٹس و کالے شیشوں سے اجتناب برتا جائے، ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہیوی ٹریفک کے لیے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بغیر فٹنس یا رجسٹریشن کے گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ کو چنگچی رکشوں اور موٹرسائیکل رکشہ چلانے والوں کی بے ضابطگیوں سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
16 اپریل سے 26 اپریل کے درمیان ممنوعہ شاہراہوں پر چنگچی رکشہ چلانے، غلط ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور دیگر خلاف ورزیوں پر 116 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 267 رکشے ضبط اور اتنے ہی ڈرائیورز گرفتار کیے گئے۔
بغیر رجسٹریشن 13 چنگچی رکشے بھی ضبط کر لیے گئے، جب کہ غیر قانونی طور پر ایل پی جی یا سی این جی نصب کرنے پر 27 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 3804 فائن ٹکٹس جاری کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی کریں، تاکہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

One thought on “وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!