میران شاہ (تشکر نیوز) — کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے شمالی وزیرستان کے مشران، عمائدین، قبائلی زعماء اور دیگر اہم سماجی شخصیات سے میران شاہ میں ایک نہایت اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد علاقے میں امن و استحکام کے قیام، جاری آپریشنز اور مقامی سطح پر ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے مشاورت اور اعتماد سازی کو فروغ دینا تھا۔
ملاقات کے دوران شرکاء کو خوارج کے خلاف جاری ریاستی آپریشنز، امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈر نے مقامی عمائدین کو یقین دلایا کہ ریاست اور سیکورٹی فورسز علاقہ مکینوں کی بہتری، تعلیم، صحت، اور انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہیں۔
شمالی وزیرستان کے مشران اور عمائدین نے ریاست کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور ملک دشمن عناصر بالخصوص خوارج کے خلاف جاری کارروائیوں میں اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ علاقے میں امن و ترقی کے لیے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اس اہم ملاقات میں اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی اور انہوں نے بھی مقامی عمائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے قبائلی عمائدین کے علاقے میں امن کے لیے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی قربانیاں اور تعاون ریاست کے لیے بے حد قیمتی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شمالی وزیرستان کے ہر فرد کی زندگی کو محفوظ اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، اور مقامی آبادی کے ساتھ مل کر خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
