(تَشَکُّر نیوز) کراچی: پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ اور ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گستاخِ رسول ﷺ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو، قانون کو حرکت میں آنا چاہیے اور اسے سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے جامع فلاح مسجد ٹی این ٹی کالونی میں یومِ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر شعائر اسلام کی توہین یہود و نصاریٰ کی اسلام دشمن سازش ہے، دین اسلام تمام مذاہب کے احترام کا سبق دیتا ہے لیکن کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ، صحابہ کرامؓ اور اہلبیتؓ کی شان میں گستاخی کرے۔
شاہد غوری نے کہا کہ ہم انتہاپسند نہیں ہیں مگر شعائر اسلام کی توہین کرنے والوں کو کھلا نہیں چھوڑا جائے گا، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر سطح پر ان کا محاسبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عاشقانِ رسول ﷺ اپنی جان دے سکتے ہیں لیکن نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا یومِ تحفظ ناموس رسالت ﷺ منانے کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ممالک آزادی اظہار کے نام پر شعائرِ اسلام کی توہین کر کے دنیا کا امن خراب کر رہے ہیں، یہ کھلی دہشتگردی اور جنونیت ہے۔
شاہد غوری نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مغربی ممالک جو شعائر اسلام کی توہین کرنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں، انہیں دہشتگرد اور جنونی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قادیانی اور ان کے ایجنٹ گستاخانہ مواد کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، ایسے مواد کو فوری ہٹایا جائے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہبی منافرت پھیلانے کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عدلیہ گستاخوں کے خلاف فوری فیصلے سنائے اور جنہیں سزائیں ہو چکی ہیں، ان پر عملدرآمد کرایا جائے۔ حکومت جیلوں میں قید گستاخِ رسول ﷺ کو دی گئی سزاؤں پر بھی جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنائے۔
اس موقع پر نائب امیر کراچی محمد عارف منصوری، کراچی رابطہ کمیٹی کے انور سجاد قادری اور علماء بورڈ کے رکن علامہ محمود قادری بھی موجود تھے
