(تشکر نیوز) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ دہشتگردی اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے، اور اگر ہم نے دہشتگردوں کا مقابلہ نہ کیا تو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی تمام کوششیں ناکام ہو جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں سے لڑنے والے فوجی جوان، افسران، پولیس اور رینجرز قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ہمیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔
سندھ اسمبلی اجلاس میں بلوچستان جعفر ایکسپریس حملے کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے جان دینے والے فوجی، پولیس اور رینجرز کے جوان ہمارے سر کے تاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشتگردوں کی مذمت کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کی بھی مذمت کرنی چاہیے جو فوج، پولیس اور رینجرز کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ وہ بھی بالواسطہ دہشتگردوں کے مددگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فوج، پولیس اور رینجرز کے بعض اقدامات پر اعتراضات ہو سکتے ہیں، مگر ان کے قومی دفاع اور دہشتگردوں کے خلاف قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ سعید غنی نے کہا کہ امن و امان کا قیام ملک کی ترقی کے لیے بنیادی شرط ہے، اور دہشتگردی کے خاتمے کے بغیر کوئی بھی مثبت کام مکمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان یا خیبر پختونخوا میں دہشتگردی ہوتی ہے تو عوام کے تحفظ کے لیے فوج، پولیس اور رینجرز کے جوان ہی سامنے آتے ہیں۔ ایسے میں ان پر تنقید یا انہیں متنازعہ بنانے کا عمل ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور رینجرز کے جوان جب سیلاب زدگان کی مدد کے لیے جان کی بازی لگا دیتے ہیں، تو ہمیں ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شہداء کے خلاف منفی پروپیگنڈہ افسوسناک ہے اور ایسے افراد کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ فوج، رینجرز اور پولیس کے شہداء کی قربانیوں کا احترام کرنا، ان کے خاندانوں کا خیال رکھنا اور قوم کی طرف سے ان کی تعریف ضروری ہے تاکہ دوسرے جوانوں کے حوصلے بلند رہیں۔
سعید غنی نے اپیل کی کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملکی سالمیت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم سب کو متحد ہو کر سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور دیگر دشمن قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ یہی جوان ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ دہشتگردوں سے لڑنے والے سپاہی، پولیس، رینجرز اور افسران ہمارے ہیرو اور فخر ہیں، اور ہم ہمیشہ ان کو خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔
