کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ماہ رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر پرائس چیکنگ کے آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ اس سلسلے میں شہر بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ایک ساتھ مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں کیں۔
گھوٹکی-کندھ کوٹ پل: ایک اہم اسٹریٹجک منصوبہ
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سخت سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول بیورو کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کرائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے لیکن اس دوران قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کا رجحان دیکھنے میں آتا ہے، جس کو روکنا ناگزیر ہے۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کم از کم دو سے تین بار مختلف بازاروں میں جا کر قیمتوں کا جائزہ لیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
کمشنر کراچی نے واضح کیا کہ شہر میں قیمتوں کا تعین اور کنٹرول کرنے کا اختیار کمشنر کراچی، ڈائریکٹر جنرل بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز، محکمہ خوراک اور زراعت کے اداروں کے پاس ہے، اور تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں گے تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔
انہوں نے عوام کو ہدایت دی کہ اگر کسی شہری کو پرائس چیکنگ یا گراں فروشی سے متعلق کوئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر کمشنر آفس کے شکایتی سیل سے رابطہ کرے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

