کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام، ٹریفک کی روانی، سڑکوں پر قائم کچرہ کنڈیوں اور تجاوزات کے خاتمے اور گراں فروشی کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ جمعرات کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بحیثیت مہمان خصوصی چیمبر کے ارکان، تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کر رہے تھے۔
حکومت عوام کو حقیقت میں ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے، علامہ بلال سلیم قادری کا بیان
چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے کمشنر کو ٹریفک حادثات کی روک تھام، سڑکوں پر کچرہ کنڈیوں کے مسائل اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے تجاویز دیں۔ اس موقع پر کمشنر نے تاجروں اور انتظامیہ کے افسران کے درمیان ضلعی سطح پر رابطہ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ رابطہ کمیٹی میں ضلعی سطح کے افسران اور ضلع میں قائم مارکیٹوں اور بازاروں کی ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔
کمشنر نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کراچی انتظامیہ کی جاری مہم کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخوں کو نافذ کرنے اور صارفین کو مناسب قیمت پر اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں مہم جاری ہے۔ ماضی کے مقابلے میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی سخت کی جا رہی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردو نوش کی مناسب اور رعائتی قیمتیں مقرر کی جائیں گی، اس سلسلے میں تاجروں سے مشاورت جاری ہے۔ جو دکاندار سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر نے رمضان میں گراں فروشی کی روک تھام کے لیے چیمبر میں کمپلینٹ سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ سینٹر صارفین کی شکایات وصول کرے گا اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو کارروائی کے لیے شکایات درج کرائے گا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ بازاروں میں دکانوں کے سامنے ٹھیلوں، پتھاروں اور کیبنوں کی روک تھام کے لیے دکانداروں کو تعاون پر آمادہ کیا جائے گا، اور ان کی ذمہ داری دکانداروں پر عائد کی جائے گی۔
کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز دکان مالکان اور تاجروں کی متعلقہ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں گے۔ چیمبر میں موجود تاجروں نے اس کارروائی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے بلند تجارتی عمارتوں میں بیسمنٹ پارکنگ کی جگہوں، دکانوں اور گوداموں کے خاتمے کی کوششوں میں انتظامیہ کی مدد کرنے کی پیشکش کی۔

