محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے خفیہ اطلاع پر ضلع کورنگی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے نجی بس سروس کی کورئیر سروس سے 3.5 کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کر لی۔ کارروائی صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر عمل میں آئی۔
نااہلی کی داستان: ضلع ایسٹ میں اسلحہ لائسنس برانچ کا ہیڈ ایف آئی آر میں نامزد نکلا
ترجمان کے مطابق، ہیروئن گتے کے کارٹن میں خفیہ طریقے سے چھپائی گئی تھی اور بیرون ملک اسمگل کرنے کا منصوبہ تھا۔ ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ برآمد شدہ ہیروئن کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ہیروئن راولپنڈی سے نجی بس کی کورئیر سروس کے ذریعے کراچی منتقل کی گئی تھی۔ مزید یہ کہ گرفتار ملزم کا والد بھی اس وقت منشیات اسمگلنگ کے کیس میں گرفتار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر رہا ہے تاکہ اسمگلنگ کے دیگر ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔


