کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر تین تلوار سے میٹروپول تک ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت پیڈیسٹرل برج کی مرمت کی گئی، وال پینٹنگز کروائی گئیں، پاپیور کا کام مکمل ہوا، درختوں کی تراش خراش اور نئے درخت لگائے گئے، اور میٹروپول کے مقام پر ایک خوبصورت گھڑی نصب کی گئی۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ یہ تمام کام کراچی کے مسائل کو حل کرنے اور شہر کی خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لئے کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کو کمشنر آفس کے اپنے وسائل سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو دنیا کے خوبصورت شہروں میں شمار کرانے کے لئے یہ ان کی اولین ترجیح ہے۔
مزید برآں، ان منصوبوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کے سپرد کی جا رہی ہے۔ ٹی ایم سی کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ان کاموں کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ کمشنر نے خبردار کیا کہ اگر کسی محکمے کے افسر نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

