کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ نے آئی ایس پی آر انٹرنشپ پروگرام کے طلباء و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا جس میں طلباء کے سوالات کے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔ اس نشست میں سندھ رینجرز کی امن و امان کے قیام کے لئے کی جانے والی خدمات اور آپریشنز پر بریفنگ بھی دی گئی۔
نشست کے دوران طلباء و طالبات نے سندھ رینجرز کی جانب سے کراچی اور سندھ بھر میں قیام امن کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔ طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی رینجرز نے ان کے تمام سوالات کو نہایت اطمینان اور تفصیل سے سنا اور ان کے جوابات دیئے، جو کہ ان کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث تھا۔
طلباء نے نشست کے دوران سندھ اور کراچی کے حالات اور کچے کے علاقے کے بارے میں سوشل میڈیا پر چلنے والے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ رینجرز کے کردار کو سراہتے ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
طلباء و طالبات نے اس خصوصی سیشن کو بے حد پسند کیا اور ڈی جی رینجرز سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے مزید سیشن منعقد کئے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو ملک کے لئے رینجرز کی قربانیوں اور خدمات سے روشناس کرایا جا سکے۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے طلباء و طالبات کی حب الوطنی اور ملکی ترقی کے لئے ان کے جذبے کو سراہا اور ان کی فکر و فراست کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے سیشنز نوجوانوں کے لئے بہت اہم ہیں کیونکہ یہ انہیں ذمہ داری اور قومی خدمات کے جذبے کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
