کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ضلع سینٹرل کے ڈپٹی کمشنر آفس کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عاصم عباسی، ڈی ایچ او ہیلتھ اور پولیو ٹیم کے دیگر ممبران موجود تھے۔
یومِ یکجہتی کشمیر پر کراچی میں ریلی، تقاریب، اور دعائیہ اجتماعات، کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار
کمشنر کراچی نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین سے ملاقات کی اور انہیں ویکسین کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے والدین کو پولیو کے نقصانات اور اس کے علاج کے حوالے سے تفصیل سے بتایا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ پولیو وائرس بچوں کی صحت پر مہلک اثرات ڈال سکتا ہے اور انہیں معذوری کا شکار بنا سکتا ہے، لیکن اس بیماری سے بچاؤ کا واحد طریقہ پولیو ویکسین ہے۔
کمشنر کراچی نے انکاری والدین کو قائل کرنے کے دوران کہا کہ یہ ویکسین آپ کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ہم سب کو مل کر پولیو جیسی خطرناک بیماری کا خاتمہ کرنا ہوگا تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو۔
اس ملاقات کے بعد کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم اور پولیو ٹیم کی موجودگی میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے کمشنر کراچی کو ضلع سینٹرل میں جاری پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر کراچی نے ہدایات جاری کیں کہ ضلع سینٹرل میں پولیو مہم کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ انکاری والدین کے حوالے سے باقاعدہ فالو اپ لیا جائے اور پولیو مہم کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تمام ڈپٹی کمشنرز سے طلب کی جائے۔
کمشنر کراچی نے زور دیا کہ تمام والدین کو بچوں کی صحت کے حوالے سے پولیو ویکسین کی اہمیت سمجھائی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ضلع سینٹرل میں ہر بچے کو پولیو ویکسین فراہم کی جائے۔

