اسلام آباد: حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد القدومی نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر مولانا کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ حالات پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پہلی مرتبہ فلسطین کی سرزمین پر فتح کے اثرات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کو تمام فلسطینی علاقے خالی کرنے ہوں گے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد القدومی نے مولانا فضل الرحمان کی فلسطین کے لیے مخلصانہ اور بے لوث کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی نے ہر محاذ پر ہماری بھرپور ترجمانی کی ہے۔
ملاقات میں مجلس احرار الاسلام کے سربراہ سید کفیل شاہ بخاری، ڈاکٹر امجد علی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
