قائد ن لیگ نواز شریف نے ٹکٹوں کی تقسیم اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی
لاہور(ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر قائد ن لیگ نواز شریف نے سینیر رہنماؤں پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق نواز شریف کمیٹی کے سربراہ خود ہوں گے جبکہ شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز، پارٹی کے نائب صدور ،سیکرٹری جنرل، صوبائی صدور اور سیکرٹریز جنرل بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ٹکٹ جاری کرے گی، تاہم قائد ن لیگ پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں انٹرویوز کے بعد امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرچکے ہیں۔
ن لیگ کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اجلاس اسی ہفتے مسلسل ہونگے اور بارہ جنوری تک ٹکٹوں کا اجراء مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور کے حلقوں کے حوالے سے پارٹی امیدواروں کے درمیان اختلافات بھی ختم کروائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے درمیان اس معاملے پر اختلاف رائے کھل کر سامنے آگیا ہے۔
نواز شریف نے قومی اسمبلی کے ہر حلقہ سے 2 امیدوار اور صوبائی اسمبلی سے 3 امیدوار شارٹ لسٹ کیے ہیں، ن لیگ کے بعض سینئر رہنما 50 فیصد ٹکٹ نئے اراکین کو دینا چاہتے ہیں جبکہ بعض رہنما پرانے ساتھیوں کو نظر انداز کرنے کے خلاف ہیں جبکہ کئی اراکین نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر ن لیگ میں آنے والوں کو فوری ٹکٹ دینے کی بھی مخالفت کر دی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اندرونی اختلافات کے باعث پارٹی قائد نواز شریف کو امید واروں کے ٹکٹ کیلئے فیصلہ کرنے میں مشکلات درپیش ہیں، قائد ن لیگ کی وارننگ کے باوجود انٹرویوز کیلئے آنے والے امیدواروں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی جاری ہے۔
قائد ن لیگ کے شارٹ لسٹ ناموں پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے بعض پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، اسحاق ڈار، حمزہ شہباز، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ پرانے ساتھیوں کو بھی ساتھ لینے پر اصرار کر رہے ہیں جبکہ خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق اور مریم نواز پچاس فیصد ٹکٹ نئے لوگوں اور پچاس فیصد پرانے کو دینے کی حامی ہیں
