بھارت نے جنگی جنون کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے دفاعی بجٹ میں 9.5 فیصد اضافہ کردیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارتی حکومت نے دفاع کیلئے 78 ارب ڈالر مختص کیے ہیں، جو ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا 8 فیصد بنتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے جدید ہتھیاروں کے حصول اور نیوی کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے جنگی طیاروں کیلئے 5.6 ارب ڈالر اور نیوی کی اپ گریڈیشن کیلئے 2.8 ارب ڈالر کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکا، چین اور روس کے بعد بھارت دنیا میں دفاعی اخراجات کرنے والے ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ لیکن ایک طرف بھارت اپنی فوجی طاقت میں اضافے پر بے تحاشہ خرچ کر رہا ہے، تو دوسری طرف اس کی 8 کروڑ سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے اس جنگی جنون نے نہ صرف خطے میں عدم استحکام پیدا کیا ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
